• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت آزادی سے متعلق واقعات کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کررہا ہے، دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت آزادی سے متعلقہ واقعات کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کر رہی ہے۔

صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے یوم آزادی کو تقسیم کی ہولناک یادوں سے منسوب کرنے کو مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کو مسترد کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ 5 اگست کو یوم استحصال کشمیر منایا گیا، یہ دن مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست 2019 کے یکطرفہ غیر قانونی بھارتی اقدامات کے خلاف منایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دفتر خارجہ کے زیر اہتمام وزیر دفاع اور سیکرٹری خارجہ کی زیر قیادت ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ اور او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کو خطوط بھیجے۔ خطوط میں مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورتحال کو اجاگر کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ رواں برس مقبوضہ کشمیر میں 666 کشمیریوں کو شہید کیا گیا، کشمیریوں کی تین نسلیں استصواب رائے کے وعدے کو پورا کرانے کی منتظر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزارت خارجہ 75ویں یوم آزادی پر موسیقی کے ذریعہ خراج تحسین پیش کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے خطے کے امن و سلامتی پر شدید اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے سنجیدہ مسائل ہوچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے بھی اپنے خطوط میں پاکستان کا موقف واضح طور پر بیان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک بین الاقوامی تنازع ہے جو کہ اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ہے، سلامتی کونسل کے 5 مستقل ارکان کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیر کے لیے سنجیدہ کوششیں کریں۔

ترجمان نے بتایا کہ شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس آئندہ ماہ کے وسط میں ثمرقند میں منعقد ہوگا، پاک بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات کے حوالے سے کسی قسم کی معلومات نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا کی اقوام متحدہ کی کمیٹی سے متعلق حالیہ گمراہ کن پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان خود بھی سرحد پار سے دہشتگردی کا شکار رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بھارت نے ابھی تک غلطی سے پاکستان پر میزائل چلانے کی کوئی معلومات فراہم نہیں کیں، پاکستان نے بھارت کو سوالات کا مجموعہ بھیجا تاہم بھارت نے ان سوالات کا جواب نہیں دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کو بھی ان سوالات سے آگاہ کیا تھا۔

ترجمان نے کہا کہ بارسلونا میں سفارتکاروں پر جنسی ہراسگی کے الزامات کی تحقیقات ہو رہی ہیں، ان الزامات میں ملوث سفارتکاروں کو واپس طلب کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رواں برس اکتوبر میں ایس سی او ریٹس کا اجلاس بھارت میں ہوگا، پاکستان ایس سی او ریٹس کا رکن ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کا متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زید النہیان سے ٹیلیفون رابطہ ہوا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے آسیان علاقائی وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کی۔

وزیر خارجہ نے سنگاپور، جاپان، ویتنام، کوریا، تھائی لینڈ، ملائیشیا اور یورپی یونین کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔

گزشتہ روز وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے جمہوریہ ٹوگو کے ہم منصب کا استقبال کیا، یہ ٹوگو کے وزیر خارجہ کا پہلا دورہ پاکستان تھا۔

ترجمان نے کہا کہ گزشتہ روز وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے فیٹف سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔

قومی خبریں سے مزید