بہاولپور کے قریب پیش آئے بس کے المناک حادثے میں زخمی ہونے والے مسافر عرفان کا کہنا ہے کہ میں نے بس سے کود کر جان بچائی۔
انہوں نے میڈیا کو دیے گئے بیان میں بتایا ہے کہ بس کو جھٹکا لگا تو ونڈ اسکرین ٹوٹ گئی، ونڈ اسکرین سے چھلانگ لگا کر باہر آیا اور بھائی کو بھی کہا کہ یہاں سے نکلو۔
زخمی عرفان نے بتایا ہے کہ 5 منٹ کے بعد زور دار دھماکا ہوا اور سب کچھ جل گیا۔
حادثے کے ایک اور زخمی مسافر رئیس نے بتایا ہے کہ مسافر سوئے ہوئے تھے کہ ایک دم بس کے ٹکرانے کی آواز آئی، مگر بس کے شیشے ٹوٹ گئے۔
انہوں نے بتایا کہ کنڈیکٹر کو کہا کہ دروازہ کھولو، لیکن دروازہ نہ کھل سکا، ڈرائیور کو آواز دی، اس کی طرف سے کوئی جواب نہیں آیا۔
حادثے کے زخمی رئیس نے بتایا کہ میں نے ونڈ اسکرین سے باہر چھلانگ لگائی، سڑک پر بہت ڈیزل تھا، چلا بھی نہیں جا رہا تھا، چل کر سڑک پر کچھ آگے گیا تو بس میں زور دار دھماکا ہو گیا۔
واضح رہے کہ موٹر وے ایم فائیو پر بہاولپور کے قریب لاہور سے کراچی آنے والی سلیپر بس میں ٹینکر سے تصادم کے بعد آگ لگ گئی تھی۔
آخری اطلاعات آنے تک حادثے میں کم از کم 20 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوئے ہیں۔