موٹروے ایم فائیو پر بہاولپور کے قریب لاہور سے کراچی آنے والی سلیپر بس میں ٹینکر سے تصادم کے بعد آگ لگ گئی، آخری اطلاعات تک حادثے میں کم از کم 20 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہو گئے۔
حادثے کے مقام پر موٹر وے ایم فائیو کئی گھنٹے بند رہی، موٹر وے حکام کے مطابق ملتان سکھر موٹر وے پر ڈائیوو سلیپر بس تیز رفتاری کے دوران ایک آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق تصادم کے نتیجے میں آئل ٹینکر اور بس کو آگ لگ گئی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹر وے پولیس کے افسران فوری موقع پر پہنچ گئے، مقامی پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بھی موقع پر موجود تھیں۔
ترجمان کے مطابق آگ اس قدر شدید اور خوفناک تھی کہ دور سے دکھائی دے رہی تھی، جلتی ہوئی دونوں گاڑیوں سے بیشتر افراد کو زندہ نکالا گیا اور انہیں فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ امدادی ٹیموں کو آگ بجھانے میں کئی گھنٹے لگ گئے، آئی جی خالد محمود کی ہدایات پر موٹر وے پولیس نے ایمرجنسی کرائسز سینٹر بنا دیا ہے، ہنگامی کارروائی کے دوران ڈی آئی جی شاہد جواد موقع پر موجود تھے۔
موٹر وے پولیس نے جلتی بس سے 9 مسافروں کو باحفاظت نکال لیا تھا، پولیس نے لاشوں اور زخمیوں کو نزدیک کے اسپتال پہنچایا۔
لاہور سے رپورٹس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی بس 2009ء ماڈل کی تھی جو ڈائیوو کمپنی کے تحت چلتی تھی، سلیپر بس لاہور سے کراچی کے لیے رات 9 بجے روانہ ہوئی تھی۔
کمپنی ذرائع کے مطابق بس میں 2 ڈرائیور سوار تھے، تمام اسٹاف نے سکھر میں تبدیل ہونا تھا، بس میں کل 24 مسافر سوار تھے، جن میں سے 2 مسافروں نے حیدرآباد اترنا تھا جبکہ 22 مسافروں نے کراچی جانا تھا۔
بہاولپور کے قریب حادثے کا شکار لاہور سے کراچی آنے والی بس کے مسافروں میں سے کچھ کے نام موصول ہوئے ہیں۔
ڈائیوو بس سروس کمپنی لاہور کے ذرائع کے مطابق 3 افراد انس، شاہد اور اشرف کے ٹکٹ ایک ساتھ بک کرائے گئے تھے۔
ایک مسافر شاہد یعقوب کے نام پر 4 ٹکٹ بک ہیں، حاشر احمد، حسن اور عبدالنافع کے نام پر 2، 2 ٹکٹ بک کرائے گئے۔
کمپنی ذرائع کے مطابق نوید اشرف، محمد عرفان، زاہد، محمد مدثر، محمد احمد اور ریاض کے نام پر بھی 1، 1 ٹکٹ بک تھا۔
ڈائیوو کمپنی کی سلیپر بس کے 22 مسافروں نے لاہور سے کراچی پہنچنا تھا جبکہ 2 مسافروں عثمان اور رئیس نے حیدر آباد اترنا تھا۔