• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عام انتخابات میں نواز شریف پارٹی کی انتخابی مہم کی قیادت کریں گے، رانا ثناء اللّٰہ

وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں سابق وزیراعظم نواز شریف انتخابی مہم کی قیادت کریں گے۔ 

وفاقی وزیر داخلہ نے ان خیالات کا اظہار سعودی عرب میں پاکستانیوں کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ سعودی عرب نے مشکل ترین حالات میں پاکستان کی فراخدلانہ مدد کی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سمندر پار پاکستانیوں کی بہتری کے لیے اقدامات کررہی ہے۔

انہوں نے شرکاء تقریب کو ملک کو درپیش سیاسی اور معاشی چیلنجز سے آگاہ کیا اور کہا کہ ہماری اتحادی حکومت نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، موجودہ حکومت جلد  پاکستان کو معاشی بحران سے نکال لے گی۔ 

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ہم نے اپنی سیاست داؤ پر لگا کر ملکی مفاد میں سخت ترین فیصلے کیے۔ مشکل وقت گزر چکا، پاکستان اب معاشی اور سیاسی استحکام کی طرف گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدے کی خلاف ورزی کرکے ملک دشمنی کی۔ آئی ایم ایف سے مالی معاہدے کی تجدید ملکی معیشت اور استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ 

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ملک عمرانی فتنے، فساد اور سیاسی انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ 25 مئی کو آئین کی دی گئی طاقت سے ملک میں ریاستی عملداری قائم کی۔ حکومت آئینی مدت پوری کرے گی اور انتخابات وقت مقررہ پر ہوں گے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف انتخابی مہم کی قیادت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کو آئندہ انتخابات میں یقینی بنائیں گے۔

قومی خبریں سے مزید