چین کے متعدد حصوں میں اس وقت درجہ حرارت 40 سینٹی گریڈ سے تجاوز کرگیا ہے اور محکمہ موسمیات نے آئندہ 25 دن تک شدید گرمی کا الرٹ جاری کیا ہے۔
درجہ حرارت میں ریکارڈ اضافے کے بعد صوبہ سیچوان میں تمام فیکٹریوں کو 6 دن تک بند رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں تاکہ بجلی کی قلت کو کم کیا جاسکے۔
چین کے متعدد شہروں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ہونے کے بعد گھروں اور دفاتر میں ایئر کنڈیشنرز کا استعمال بڑھ گیا ہے.
چینی محکمہ موسمیات نے 14 اگست کو شدید گرمی کے حوالے سے ریڈ الرٹ جاری کیا تھا اور اس وقت چین کے 10 سے زیادہ صوبوں میں درجہ حرارت 40 سے 42 سینٹی گریڈ کے درمیان پہنچ چکا ہے۔
شدید گرمی کے باعث کچھ سیاحتی مقامات کو بھی بند کردیا گیا ہے۔