پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئندہ چار سالوں کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے فیوچر ٹور پروگرام کا اعلان کر دیا۔
سال 2023 سے 2027 کے دوران آئی سی سی فل بورڈز کے 12 میں سے 10 ارکان کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی، اس دوران انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا، سری لنکا، بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں ٹیسٹ سیریز کھیلنے پاکستان آئیں گی۔
افغانستان، آسٹریلیا، آئرلینڈ اور زمبابوے کی ٹیمیں محدود طرز کی کرکٹ کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کریں گی جبکہ اس دوران پاکستان دو سہ ملکی کرکٹ سیریز بھی کھیلے گا۔
پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کی ٹیموں پر مشتمل پہلی سیریز فروری 2024 میں کھیلی جائے گی اور دوسری سیریز میں انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں پاکستان کے مدمقابل آئیں گی۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی فیصل حسنین کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے سال 2023 سے 2027 تک کے لیے فیوچر ٹور پروگرام کو ترتیب دیتے ہوئے معیاری، مسابقتی کرکٹ اور ورک لوڈ مینجمنٹ کو ترجیح دی ہے، کوشش کی گئی ہے کہ تینوں طرز کی کرکٹ کو برابر مواقع دیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ اس عرصے کے دوران پاکستان کرکٹ کے مداحوں کو سنسنی خیز کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ پی سی بی سہ ملکی کرکٹ سیریز کو پذیرائی دینا چاہتا ہے اور اس ضمن میں آئندہ ایف ٹی پی میں 2 ٹرائی نیشن سیریز رکھی گئی ہیں۔