لاہور ایئر پورٹ پر گنجائش سے زائد بین الاقوامی پروازوں اور مسافروں کی وجہ سے مشکلات پر قابو پانے کے لیے اندرونِ ملک کے ڈیپارچر لاؤنج سے بین الاقوامی پروازوں کو آپریٹ کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ہوا بازی کے وزیر سعد رفیق اور ڈی جی سی اے اے کی ہدایات پر عمل شروع کیا گیا ہے۔
انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک بریفنگ ایریا کے درمیان سلائیڈنگ ڈور نصب کیا گیا ہے، ڈومیسٹک روانگی میں آئی بی ایم ایس سسٹم کے ساتھ 6 امیگریشن کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں۔
امیگریشن آلات کے لیے کمرہ مختص کر کے 13 ڈومیسٹک چیک اِن کاؤنٹرز پر بین الاقوامی مسافروں کے لیے CUPPS سسٹم اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق امیگریشن، اے ایس ایف، اے این ایف، کسٹمز، ایئر لائنز اور سول ایوی ایشن کے عملے کی موجودگی کے حوالے سے انتظامات بھی مکمل کیے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق فی الوقت سعودیہ، فلائناس اور کویت ایئرویز سمیت 3 پروازیں ڈومیسٹک سائیڈ سے چلائی گئی ہیں اور تقریباً 775 بین الاقوامی مسافروں کو ڈومیسٹک ڈیپارچر سائیڈ سے بھیجا گیا ہے۔
اس اقدام سے رش کے اوقات میں بین الاقوامی سائیڈ پر دباؤ کم ہو گا اور مسافروں کو مزید سہولت ملے گی۔