• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کیلئے عامر خان اور نیٹ فلکس کے درمیان ڈیل ناکام

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو 

بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان کی اپنی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کے لیے اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس کے ساتھ ڈیل بری طرح ناکام ہو گئی۔

 عامر خان کی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ جس کے بارے میں فلم سازوں کو امید تھی کہ یہ فلم باکس آفس پر شاندار کارکردگی دکھائے گی، لیکن بدقسمتی سے اس فلم کی انڈین باکس آفس پر کارکردگی انتہائی مایوس کُن رہی، جس کی وجہ سے نیٹ فلکس کو اس فلم کے ڈیجیٹل حقوق خریدنے سے بھی دستبردار ہونا پڑا۔

فلم ریلیز ہونے کے بعد ہفتے کے اختتام تک صرف 37 کروڑ بھارتی روپے کا معاوضہ کمانے میں کامیاب ہو سکی، اسی لیے نیٹ فلکس نے بھی فلم کے ڈیجیٹل حقوق قبول کرنے کی پیشکش کو ٹھکرا دیا۔

عامر خان نے 150 کروڑ بھارتی روپے میں نیٹ فلکس کے ساتھ اس فلم کے لیے ڈیل کا آغاز کیا تھا لیکن جیسے ہی فلم باکس آفس پر ناکام ہونا شروع ہوئی، انہوں نے فلم کے لیے اپنی ڈیمانڈ کم کر دی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق نیٹ فلکس نے عامرخان کے لیے فلم کی تھیٹر اور او ٹی ٹی ریلیز کے درمیان لاگت اور وقت کی مدت کو کم  سے کم کرنے کی پوری کوشش کی۔

رپورٹ کے مطابق نیٹ فلکس عامر خان کو فلم کے لیے 80 سے 90 کروڑ روپے کی پیشکش کرنے کو تیار تھے، لیکن اداکار اپنی بتائی ہوئی قیمت اور ٹائم لائن پر ڈٹے رہے کیونکہ وہ اس فلم کو چین میں بھی ریلیز کرنا چاہتے تھے۔ 

فلم کے باکس آفس پر ناکام ہونے کے بعد نیٹ فلکس اس ڈیل سے پیچھے ہٹ گیا۔ 

یہی نہیں بلکہ دوسرے نامور او ٹی ٹی پلیٹ فارمز بھی اب فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کے حقوق خریدنے میں دلچسپی نہیں رکھتے، اسی لیے عامر خان اب رسمی طور پر بھارتی اسٹریمنگ سروس ’ووٹ‘ پر فلم ریلیز کریں گے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید