امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق سیلاب سےمتاثرہ علاقےتونسہ پہنچ گئے، وہ آج ناڑی، وہوا اور فاضل پور کے ریلیف کیمپس کا دورہ کر کے عوام سے خطاب کریں گے۔
سیکریٹری اطلاعات جماعتِ اسلامی قیصر شریف کے مطابق سراج الحق سیلاب سے متاثرہ اضلاع کا 3 روزہ دورہ کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ امیرِ جماعتِ اسلامی ڈی جی خان، راجن پور اور مظفر گڑھ میں ریلیف کے کام کا جائزہ لیں گے، جماعتِ اسلامی اور الخدمت کے رضاکار اِن علاقوں میں بڑے پیمانے پر ریلیف کا کام کر رہے ہیں۔
قیصر شریف کا کہنا ہے کہ جماعتِ اسلامی سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی، حکومت کی نا اہلی اور غفلت کے باعث لاکھوں لوگ فاقوں پر مجبور ہیں۔
سیکریٹری اطلاعات جماعتِ اسلامی کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیاسی لیڈروں کو ذاتی مفادات کی لڑائی کی بجائے آفت زدہ علاقوں میں ہونا چاہیے۔