• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز گل سے اہم دستاویزات برآمد کرلی گئیں

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل سے اہم دستاویزات برآمد کرلی گئیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ لاجز میں شہباز گل کے کمرے سے برآمد ہونے والا موبائل فون اور سیٹلائٹ فون فارنزک لیب بھجوادیے گئے ہیں۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ شہباز گل کے کمرے سے برآمد یو ایس بی ڈیوائس ڈیٹا ریکوری کے لیے فارنزک لیب بھجوادی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز گل کے کمرے سے ملنے والی سرخ رنگ کی ڈائری میں کوئی تحریر نہیں۔ شہبا گل نے سرخ رنگ کی ڈائری کی ملکیت سے انکار کیا تھا۔

گزشتہ شب پولیس نے پارلیمنٹ لاجز میں شہباز گل کے زیر استعمال کمرے پر چھاپہ مارا تھا، پولیس پارٹی شہباز گل کو بھی اپنے ساتھ لائی تھی، انہیں ہتھکڑی لگی ہوئی تھی۔

چھاپے کے دوران کمرے سے ایک پستول اور موبائل فون بھی ملے ہیں، جبکہ ایک سیٹلائٹ فون اور ان کے 2 پاسپورٹ بھی برآمد کیے گئے تھے۔

اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کا کہنا تھا  کہ کمرے سے ملنے والا میرا پرس ڈرائیور کے پاس ہوتا تھا۔

شہباز گل نے پستول کو اپنے ہاتھ میں لینے کے بعد اسے الٹ پلٹ کر دیکھا جس کے بعد انہوں نے اسے اپنا ماننے سے انکار کیا تھا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ میرے پاس اے کے 47 ہے، جس کا لائسنس بھی موجود ہے۔

شہباز گل نے کہا کہ یہ پستول میرا نہیں ہے، جبکہ یہ کمرہ بھی میرے زیر استعمال نہیں ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ یہ کمرہ میرے گارڈز کے زیر استعمال ہے، یہ پستول بھی ان ہی کا ہوگا۔

شہباز گل سے سوال کیا گیا کہ کیا ان پر جنسی تشدد کیا گیا ہے؟ جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جی ہاں مجھ پر جنسی حملہ ہوا ہے۔

قومی خبریں سے مزید