وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ پی ٹی آئی کے جعلی اکاؤنٹس سے 2013ء میں موجودہ صدر عارف علوی کے اکاؤنٹ میں رقم منتقل کی گئی تھی۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) فارن فنڈنگ کے معاملے میں ایف آئی اے نے درجنوں اکاؤنٹس کے حوالے سے اہم انکشاف کیا۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق طارق شفیع، حامد زمان اور منظور چوہدری کے درجنوں اکاؤنٹس سامنے آئے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے جعلی اکاؤنٹس سے صدر عارف علوی کے اکاؤنٹ میں 2013ء میں رقم منتقل کی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق عارف علوی نے یہ اکاؤنٹ سینٹرل فنانس بورڈ کی منظوری کے بغیر کھلوایا تھا، اسی اکاؤنٹ سے پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا کو بھی رقم منتقل کی گئی۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی اسلام آباد کے اکاؤنٹ سے اسد عمر کو بھی لاکھوں روپے منتقل ہوئے، اس اکاؤنٹ میں ووٹن کرکٹ لمیٹڈ دبئی سے 13 لاکھ امریکی ڈالر منتقل ہونے کا سراغ بھی ملا ہے۔
ذرائع کے مطابق 13 مزید مقامی کمپنیوں نے پی ٹی آئی کی فنڈنگ کی، ایک کمپنی کے مالک نے 30 لاکھ روپے کا پارٹی فنڈ دیا، تحریک انصاف کو فنڈنگ کرنے والی مقامی کمپنی بھی جعلی نکلی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے مختلف بینکوں سے سیکڑوں اکاؤنٹس کا ریکارڈ قبضے میں لے لیا ہے، جس میں بھاری رقوم کی مبینہ منتقلی سامنے آئی ہے جبکہ ریکارڈ کی مزید چھان بین کا سلسلہ جاری ہے۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق لاہور میں ایک اکاؤنٹ سے دینی ٹرسٹ کے نام پر 25 لاکھ روپے کی رقم کی منتقلی سامنے آئی ہے، یہ رقم سیلاب زدگان کےلیے حاصل کی گئی مگر اس کا استعمال سیاسی مقاصد کےلیے کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی نے طارق شفیع، حامد زمان اور منظور چوہدری کو نوٹس جاری کردیے ہیں، طارق شفیع کا نام اسٹاپ لسٹ میں ڈال دیا گیا، وہ بیرون ملک سفر نہیں کرسکیں گے۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق تمام اکاؤنٹس پی ٹی آئی سینٹرل فنانس بورڈ کی منظوری کے بغیر کھولے گئے۔