فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے بھارت کی معطلی کو 9 دن بعد ہی ختم کردیا، بھارتی ٹیم ایک بار پھر انٹرنیشنل میچز کھیلنے کی اہل قرار پائی ہے۔
فیفا سے بھارت کو انڈر 17 ویمنز ورلڈ کپ کی میزبانی بھی واپس مل گئی ہے۔
فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے فٹبال معاملات میں بیرونی مداخلت کی بنیاد پر 17 اگست کو بھارت کی رکنیت کو معطل کردیا تھا تاہم 9 دن بعد ہی فیفا نے اسے بحال کردیا۔
فیفا کا کہنا ہے کہ بھارتی فٹبال میں عدالتی حکم پر بننے والی ایڈمنسٹریٹر کی کمیٹی کو ختم کرکے فٹبال فیڈریشن کے حکام کو بحال کرنے کی تصدیق موصول ہوگئی، جس کے بعد آل بھارت فٹبال فیڈریشن کو بحال کردیا گیا ہے۔
فیفا اور اے ایف سی انڈین فٹبال کے معاملات کو بدستور مانیٹر کرتے رہنے کا اعلان کیا ہے، فٹبال کی عالمی تنظیم نے ساتھ ساتھ بھارت کے انڈر 17 ویمنز ورلڈ کپ کی میزبانی کے حقوق بھی بحال کرنے کا اعلان کیا، ایونٹ 11 اکتوبر سے بھارت میں ہوگا۔
دوسری جانب بھارت کی خواتین فٹبال ٹیم پروگرام کے مطابق ساف کپ میں بھی حصہ لے گی۔