چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض نے وفاقی اور صوبائی حکومت کو غیر مشروط تعاون کی پیشکش کی ہے۔
ایک بیان میں ملک ریاض نے کہا کہ ملک بھر میں حالیہ سیلاب کی صورتحال تباہ کن ہے، بحریہ ٹاؤن کے فلڈ ریلیف آپریشنز جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں، میری فیملی اور بحریہ ٹاؤن کی ٹیم ایک ماہ سے بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کام کررہی ہے۔
چیئرمین بحریہ ٹاؤن نے مزید کہا کہ صورتحال بتدریج خراب سے خراب ہوتی جارہی ہے، ریلیف سرگرمیاں پوری پاکستانی قوم سے مربوط کوششوں کی متقاضی ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ سندھ، جنوبی پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بے گھر افراد کو بنیادی اشیائے ضروریات بھیج رہے ہیں۔
ملک ریاض نے یہ بھی کہا کہ ہم نہ صرف عوام کی بحالی بلکہ انفرااسٹرکچر کی بحالی کے لیے بھی کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری مشینری کا فلیٹ دن رات کام کررہا ہے، ہم نے متاثرہ علاقوں میں خیمہ بستیاں قائم کی ہیں۔
چیئرمین بحریہ ٹاؤن نے کہا کہ ضرورت مندوں تک پہنچنے کے لیے ہیلی کاپٹرز، ٹرانسپورٹیشن اور تمام وسائل استعمال میں ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو اپنی غیرمشروط تعاون کی پیشکش کررہے ہیں، ریلیف آپریشنز میں شریک دوسری ایجنسیز سے بھی غیر مشروط تعاون جاری ہے۔
ملک ریاض نے کہا کہ کسی کو کسی بھی علاقے میں ریلیف سرگرمیوں کی ضرورت ہو تو آگاہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ ہم دعا گو ہیں کہ اپنے پیاروں اور گھروں کو کھونے والوں کے درد کو اللّٰہ تعالیٰ دور کرے، آمین۔