• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیلاب سے تباہی، وزیراعظم کی اتحادی جماعتوں کے ساتھ بیٹھک کا اعلامیہ آگیا

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت حکومتی اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں سیلاب اور بارش سے ہوئی حالیہ تباہی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس نے قرار دیا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے 60 سال میں ایسی تباہی نہیں ہوئی، متاثرین کی دوبارہ اُن کے گھروں میں آباد کاری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

اعلامیے کے مطابق سیلاب متاثرین کی بحالی کےلیے نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر قائم کردیا گیا اور ساتھ ہی سیلاب متاثرین کے ریسکیو اور ریلیف کے ہنگامی اقدامات کو سراہا گیا۔

اجلاس کے اعلامیے کے مطابق حکومت متاثرین کی زندگیوں کو دوبارہ معمول پر لانے کےلیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے گی، سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی کے پیش نظر قومی سطح پر تعمیر نو کا جامع پلان مرتب کیا جائے۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں سیلاب کے دوران جاں بحق افراد کےلیے فاتحہ خوانی کی گئی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرائی گئی۔

اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے وزیر اعظم ریلیف فنڈ 2022ء قائم کرنے کے فیصلے کی حمایت کی اور کہا کہ نقصانات کے حتمی تخمینے کا کام شفاف انداز میں مکمل کیا جائے۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں اندرون اور بیرون ملک سے عطیات جمع کرنے کےلیے بھرپور مہم چلانے پر بھی اتفاق ہوا۔

قومی خبریں سے مزید