• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

واضح ثبوت ہیں ترین نےعمران خان کی مشاورت سےکالز کیں، شاہد خاقان عباسی

فائل فوٹو
فائل فوٹو

ن لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ واضح ثبوت ہیں کہ شوکت ترین نے عمران خان کی مشاورت سے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے وزرائے خزانہ کو کالز کیں، جب ملک ڈوب رہا تھا یہ پاکستان کے خلاف سازش کر رہے تھے۔

شاہد خاقان عباسی نے ایکمپریس کانفرنس میں عمران خان اور شوکت ترین پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شوکت ترین نے صوبوں کے وزرائے خزانہ سے کہا تھا کہ وفاق کو خط لکھیں اور اپنی کمٹمنٹس سے پیچھے ہٹیں، کیا عوام کمر میں چھرا گھونپنے والوں پر اعتماد کریں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ 29 اگست کو آئی ایم ایف کی آخری بورڈ میٹنگ تھی، یہ خط اس وقت لکھنے کو کہا جب آئی ایم ایف کی آخری میٹنگ صرف 3 دن دور تھی، ساری گفتگو کا ایک مقصد تھا کہ پاکستان آئی ایم ایف کی منظوری حاصل نہ کر سکے، شوکت ترین کی جو گفتگو سامنے آئی ہے اس کی کوئی تردید ممکن نہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ شوکت ترین نے خط میں کہا کہ ریاست کی پرواہ مت کریں، شوکت ترین نے کہا کہ ہمارے چیئر مین پر پرچے ہو رہے ہیں، ہم نے اپنی سیاست، اپنی جان بچانی ہے، وزیرخزانہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ آئی ایم ایف کو ساری خبریں پہنچا دوں گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ دو بڑے صوبوں کے وزیرخزانہ حساس ترین عہدوں پر ہیں، یہ سازش کے تحت پاکستان کی معیشت تباہ کرنا چاہتے ہیں، خیبرپختونخوا کے وزیرخزانہ نے تو خط بھی پہنچا دیا، یہ ایک منظم سازش ہے جس کا ریکارڈ موجود ہے، ان لوگوں کو وضاحت دینی پڑے گی، آج نہیں تو کل، عمران خان کو جواب دینا پڑے گا کہ جب ملک ڈوب رہا تھا تم سازش کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ کیا یہ سوچ لیڈر کی ہونی چاہے جو عمران خان کی ہے، سیاست کرنے کا بہت وقت پڑا ہے، آج بات ملک کی ہونی چاہیے، آپ ملک کے لیے بات نہیں کرسکتے تو ملک کے خلاف سازش تو نہ کریں، عمران خان، شوکت ترین، پنجاب اور کے پی کے وزرائے خزانہ کو جواب دینا پڑے گا۔

شاہد خاقان عباسی نے پاکستان کی حالیہ صورتحال سے متعلق کہا کہ ضرورت تو اس بات کی تھی کہ سب اکٹھے ہوں اور سیلاب کا مقابلہ کریں، عمران خان کی سوچ صرف اپنی سیاست بچانے کی ہے، عمران خان نے ایک چلتی ہوئی معیشت کو تباہ کیا، معیشت کی اس تباہ کاری کو ختم کرنے میں کئی سال لگیں گے، عمران خان کی سوچ عوام دشمن، ملک دشمن تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اِنہوں نے چار سال میں ملک کی ساکھ تباہ کی، معیشت پر جو بوجھ یہ ڈال کر گئے اس سے نکلنے میں کئی سال لگیں گے، جب حکومت جا رہی تھی تو پیٹرول کے نرخ قیمت خرید سے کم کیے، ہم نے اس چیلنج کو قبول کیا اور ملک کو مشکلات سے نکالا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج جو حالات ہیں یہ عمران خان اور اس کی حکومت کی غفلت کا نتیجہ ہیں، عمران خان چار سال عوام سے جھوٹ بولتا رہا، چار ماہ میں ہم نے پاکستان کی ساکھ کو بحال کیا، جتنے مشکل حالات میں اس حکومت نے مشکل فیصلے کیے، مثال نہیں ملتی۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ حکومت کے ان مشکل فیصلوں سے معیشت بہتر ہوگی، ہمارے فیصلوں سے ہی معیشت کی ترقی کا راستہ نکلے گا۔

قومی خبریں سے مزید