پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ عمران خان اسلام آباد کو بند کرکے بھی آزمالیں۔
جیو نیوز کے پروگرام’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان نے کہا کہ کون دیوار سے لگارہا ہے، عمران خان نام بتا ہی دیں تو بہتر ہے، انتظار کیوں کررہے ہیں، پہلے امریکی سازش تھی، پھر قتل کی دھمکی تھی، اقتدار چلا جائے تو آدمی ایسی بہکی بہکی باتیں کرتا ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آپ کے پاس صوبائی حکومتیں ہیں، عوام کی بہتری کیلئے کام کریں، دیوار سے کون لگا رہا ہے، عوام کو بتا دیں، انہیں دیوار سےعوام لگائیں گے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ شوکت ترین نےجو کچھ کیا وہ معمولی بات نہیں، کسی دن جواب دینا ہوگا، بیانیہ بنائے جا سکتے ہیں مہنگائی کیوں ہوئی یہ بھی بتا دیں۔
شاہد خاقان نے کہا کہ حکومت ملک کے استحکام کیلئے کام کر رہی ہے، الیکشن کا وقت آئے گا تو عوام فیصلہ کرلیں گے، ہم نے کبھی کسی کی برائی کیلئے توقع نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ انصاف کا معیار ایک ہونا چاہیے، جو معیار نواز شریف، طلال، دانیال کیلئے تھا وہی عمران خان کیلئے بھی ہونا چاہیے، انصاف کا معیار ایک ہونا چاہیے، یہی عدالتوں کی ذمہ داری ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عدالتیں پاپولرٹی کی بنیاد پر فیصلہ نہیں کرتیں، عدالتیں قانون و انصاف کی بنیاد پر فیصلہ کرتی ہیں۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ میں نے تو نہیں کہا کہ عمران خان پولیس اور ججوں کو دھمکیاں دیں، عمران خان کو ان دھمکیوں کا جواب دینا ہوگا۔