پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے مبینہ عدلیہ مخالف بیان پر اندراج مقدمہ کی درخواست پر عدالت نے پولیس کو 9 ستمبر تک رپورٹ جمع کروانے کی مہلت دے دی۔
مریم نواز کے خلاف اندراج مقدمہ کی ایڈیشنل سیشن جج نے مقامی شہری کی درخواست پر سماعت کی، عدالت نے ایس ایچ او باغبان پورہ کو 9 ستمبر تک رپورٹ جمع کروانےکی مہلت دے دی۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ مریم نواز نے 25 جولائی کو وزیراعلیٰ پنجاب کے الیکشن کے موقع پر عدلیہ کے خلاف بیان دیا، مریم نواز کے الزامات کے باعث سائل کو ذہنی کوفت ہوئی۔
درخواست گزار نے کہا کہ مریم نواز کے خلاف تھانہ باغبانپورہ میں اندراج مقدمہ کی درخواست دی۔ پولیس نے اس سلسلے میں کوئی کارروائی نہیں کی، عدالت پولیس کو مریم نواز کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔