قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی و کمنٹیٹر، موجودہ چیئرمین کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے قومی کرکٹ ٹیم کی جانب سے ہائی والٹیج مقابلے میں زبردست کھیل پیش کیے جانے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
رمیز راجہ نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاک بھارت ٹاکرے میں قومی کرکٹ ٹیم کی بہترین کارکردگی کی تعریف کی ہے۔
اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ’اتنا زبردست کھیل کہ بہت سے لوگ اب بھی حیران، چکرائے ہوئے اور کچھ خوشی سے پھولے نہیں سما رہے ہیں‘۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’میچ کے دوران قومی ٹیم کو کئی محاذوں پر آزمایا گیا جس میں سب سے اہم آزمائش یہ تھی کہ تسلسل سے کھیلنا ہے اور کامیابی حاصل کرنی ہے‘۔
چیئرمین کرکٹ بورڈ نے تمام کھلاڑیوں کو اس شاندار کامیابی پر شاباشی بھی دی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایشیا کپ 2022ء کے سپر فور مرحلے کے سنسنی خیز میچ میں پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر ایونٹ کے ابتدائی مرحلے کی ہار کا بدلہ لے لیا ہے۔
پاکستان نے بھارت کی جانب سے دیا گیا 182 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور کی پانچویں گیند پر پورا کر لیا۔