بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی تنقید کا شکار بھارتی کھلاڑی ارشدیپ سنگھ کی حمایت میں سامنے آگئے۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے نوجوان کھلاڑی ارشدیپ سنگھ ایشیا کپ 2022ء کے سُپر فور مرحلے میں پاکستان کے خلاف میچ کے دوران ایک اہم کیچ چھوڑنے پر تنقید کا شکار ہیں۔
ویرات کوہلی نے نوجوان بھارتی کھلاڑی کا دفاع کرتے ہوئےکہا کہ ’غلطیاں ہو سکتی ہیں‘۔
اُنہوں نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ’کوئی بھی غلطی کر سکتا ہے، صورتحال سخت تھی، یہ ایک ہائی پریشر میچ تھا‘۔
اُنہوں نے کہا کہ’مجھے آج بھی یاد ہے، میں اپنی پہلی چیمپئنز ٹرافی کھیل رہا تھا، پاکستان کے خلاف میچ تھا اور شاہد آفریدی کے خلاف بہت برا شاٹ کھیلا تھا‘۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ’اس میچ کے بعد میں صبح 5 بجے تک چھت کو دیکھتا رہا، مجھے نیند نہیں آرہی تھی، اور اس وقت مجھے لگا تھا کہ میرا کیریئر ختم ہو گیا، لیکن یہ سب چیزیں قدرتی ہیں‘۔
ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ’کھلاڑی اپنی غلطیوں سے سیکھتے ہیں۔ لہٰذا، ہرکسی کو اپنی غلطی کو قبول کرنا چاہیے، اس کا ازالہ کرنا چاہیے اور ایک بار پھر اسی طرح کے دباؤ کی صورتحال کا سمنا مضبوطی سے کرنے کا انتظار کرنا چاہیے‘۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز میں ہونے والے پاک بھارت ٹاکرے میں میچ کے آخری اوورز تک توازن بدل رہا تھا، لیکن اس وقت جیت پاکستان کا مقدر بن گئی جب نوجوان بھارتی فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ نے 18ویں اوور میں پاکستانی بیٹسمین آصف علی کا ایک آسان سا کیچ چھوڑ دیا۔
اس موقع کا فائدہ اُٹھاتے ہوئےگرین شرٹس نے میچ جیت کر اسی ٹورنامنٹ میں 28 اگست کو ہونے والے میچ بھارت کے ہاتھوں ہوئی 5 وکٹوں سے اپنی پچھلی شکست کا بدلہ لے لیا۔