• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر اور وزیراعظم کا یوم دفاع کے موقع پر پیغام

صدر مملکت عارف علوی نے 6 ستمبر کے موقع پر دفاع وطن کی خاطر جانوں کی قربانی پیش کرنے والے شہداء کو سلام پیش کیا ہے۔

اپنے پیغام میں صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، مسلح افواج کسی بھی قسم کے حالات سے نمٹنے اور بیرونی یا اندرونی محاذ پر ہر طرح کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب یا دیگر قدرتی آفات میں فوج کا مثالی کردار قابل تعریف ہے۔

صدر مملکت کا کہنا ہے کہ یوم دفاع و شہدا ہمیں مسلح افواج اور قوم کی بے مثال جرات اور بہادری کی یاد دلاتا ہے، آج سے 57 سال قبل مسلح افواج اور قوم نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا تھا۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ 6 ستمبر ہماری تاریخ میں غیر متزلزل عزم، جذبہ حب الوطنی، عظیم قربانی کی روشن علامت ہے، دفاع وطن کی خاطر جان قربان کرنے والے شہداء کو سلام عقیدت پیش کرتا ہوں۔

صدر عارف علوی نے یہ بھی کہا کہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، ہم اپنی قومی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہیں، بھارت انسانی حقوق کے تحفظ کی اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرے۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے یوم دفاع کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہماری بہادر مسلح افواج نے دہشت گردی کے عفریت کو شکست دے کر 1965 کی جنگ کے قابل فخر ورثے کو آگے بڑھایا۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب میں ہزاروں لوگوں کی جانیں بچانے میں مسلح افواج اور دیگر اداروں کے اہلکاروں کے کردار کو سراہتا ہوں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مشکل معاشی صورتحال کے باوجود اپنے دفاع کی مضبوطی سے غافل نہیں، مسئلہ کشمیر کا حل علاقائی امن اور ترقی کے لیے ضروری ہے۔

قومی خبریں سے مزید