پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ جس کی شکل دیکھنا اور تقریر سننا گوارا نہیں کرتی اس کی بات کرنا پڑتی ہے، جسے گھر کے اندر نہ آنے دوں اس سے متعلق بات کرنی پڑتی ہے، یہ جتنی گھٹیا گفتگو کر لے اس کا انجام بہت برا ہوگا۔
چشتیاں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کل وہ گالیاں دے کر چلا گیا اپنی کارکردگی بتا کر گیا؟ چشتیاں میں 4 سال کسی منصوبے کی اینٹ تک نہیں لگائی تو کیا بتاتا؟
مریم نواز نے کہا کہ آج کل فلمیں دکھا دکھا کر ہلکان ہوتا رہتا ہے، پرانی ویڈیو چلاتا رہتا ہے، میں تم پر ذاتی حملے نہیں کروں گی سیاسی میدان میں گھر تک چھوڑ کر آؤں گی، سیاسی میدان میں مریم نواز تمہیں نہیں بخشے گی۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے مزید کہا کہ فلمیں دکھانی ہیں تو وہ دکھاؤ جس میں تمہاری بیوی کہہ رہی ہے ہیرے دو، فائل پر دستخط کرواؤ، یہ فتنہ بھی نہیں، انتشار بھی نہیں پاکستان کی سب سے بڑی تباہی ہے، حکومت میں ہو تو تباہی، باہر ہو تو تباہی، ملک کی تباہی معیشت کی تباہی، یہ بازاری لوگوں کی طرح جملے کستا ہے شرم نہیں آتی، جس نے گھر کی خواتین کو مال لوٹنے پر رکھا ہو، اُس میں کونسی اخلاقیات ہو سکتی ہیں، میں نہ کسی کو غدار کہتی ہوں نہ کسی کو سازشی کہتی ہوں، مگر میں یہ کہنے پر مجبور ہوں اس نے کروڑوں روپے ملک دشمن سے لیے۔
مریم نواز نے کہا کہ 2018 میں الیکشن چوری ہونے سے پہلے نواز شریف کے ساتھ بہاولنگر آئی تھی، چشتیاں نواز شریف کا تھا، نواز شریف کا ہے اور رہے گا، نواز شریف کی آدھی حکومتوں میں بھی بڑے بڑے منصوبے بنے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف دن رات محنت کر رہے ہیں، اُس کی لگائی ہوئی بجھا رہا ہے، شہباز شریف کی کسی صوبے میں حکومت نہیں، پھر بھی ہر روز سیلاب زدگان میں موجود رہتا ہے۔
مریم نواز نے عمران خان سے متعلق کہا کہ کل اس نے بہت خطرناک بات کی کہ ن لیگ کو ووٹ دینا گناہ کے برابر ہے، مسلم لیگ پاکستان کو بنانے اورسنوارنے والی جماعت ہے، یہ ساز ش کا مہرہ ہے تو اس کو ووٹ دینا ثواب کی بات ہے؟ کیا تمہار اتقرر میرٹ پر ہوا تھا؟ تمہارے لیے تو آر ٹی ایس بٹھایا گیا تھا۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ میری تربیت دھمکی اور غیر اخلاقی بات کرنے کی نہیں، آرمی چیف کی میرٹ پر تقرری کی بات کرتا ہے، کیا تمہاری تقرری میرٹ پر ہوئی تھی؟ نواز شریف کو اقامے میں سزا دے کر تمہاری تقرری کی گئی، یہ اداروں کو توہین کا نشانہ بناتا ہے، اس پر ہم اسے معاف نہیں کریں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدے عمران خان نے توڑے قیمت پورا پاکستان ادا کر رہا ہے، جب اس کے سیاسی مقاصد پورے نہیں ہوتے تو کہتا ہے مخالفین کو مارو، سیاسی میدان خالی کرواؤ۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے مزید کہا کہ شکست تباہی خان کا مقدر ہے، اس کی دوبارہ اقتدار میں آنے کی خواہش منوں مٹی نیچے دب کر رہے گی۔