چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے لاپتہ شہری حسیب حمزہ کو بازیاب کروانے کے حکم کے 24 گھنٹوں کے اندر شہری اپنے گھر واپس پہنچ گیا۔
پولیس کے مطابق شہزاد ٹاؤن سے اغوا ہونے والےحسیب حمزہ گھر پہنچ گئے ہیں۔
حسیب حمزہ کے والد نے بیٹے کی بازیابی پر وفاقی پولیس، اسلام آباد ہائیکورٹ اور وزیرِ اعظم شہباز شریف کے تعاون پر شکریہ ادا کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے لاپتہ شہری حسیب حمزہ کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔
چیف جسٹس نے دورانِ سماعت عدالت میں پیش ہوئے آئی جی اسلام آباد بھی عدالت کو حکم دیا تھا کہ لاپتہ شہری حسیب حمزہ کو کل صبح 10 بجے تک عدالت میں پیش کیا جائے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے تھے کہ آئی جی صاحب 23 اگست سے بندہ غائب ہے، یہ ناقابل برداشت ہے۔
عدالت کا مزید کہنا تھا کہ لاپتہ افراد سے متعلق پہلے ایک فیصلہ موجود ہے، فیصلے میں قرار دیا تھا آئی جی اور متعلقہ افسران ذمہ دار ہوں گے، اب یہ عدالت اس فیصلے کے مطابق ہی جائے گی۔