ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کا کہنا ہے کہ سرحد پار حملے میں 3 جوانوں کی شہادت کے معاملے کو افغانستان کے ساتھ اٹھایا ہے۔
میڈیا کو دی گئی ہفتہ وار بریفنگ میں انہوں نے بتایا کہ ہم نے واضح کیا کہ افغان انتظامیہ ایسے واقعات کا سدِباب کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغان انتظامیہ مستقبل میں ایسے واقعات کے دوبارہ نہ ہونے کو یقینی بنائے۔
ترجمان نے کہا کہ یو اے ای میں کرکٹ میچ کے دوران بدتمیزی اور مار پیٹ کے واقعات افسوسناک ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں برادر ممالک کے دوست عوام کے درمیان ایسے واقعات کی گنجائش نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل کی فلیش اپیل 160 ملین ڈالرز کی تھی، فلیش اپیل کی 70 فیصد کے قریب امداد کے اعلانات کیے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امداد مختلف طریقوں، کیش، براہ راست اقوام متحدہ کو، اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کو فراہم کی جا رہی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ بھارتی قابض افواج کی ریاستی دہشتگردی سے مزید 3 کشمیری شہید ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر دنیا کا سب سے بڑا ملٹرائزڈ زون ہے، یہ ناقابل قبول صورتحال ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کے خاتمے کا مطالبہ کرتا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی دہشتگردی کے متاثرین پر کانفرنس میں شرکت کی، بلاول بھٹو نے متاثرہ کشمیری اور فلسطینی شہدا کو خراج تحسین پیش کیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے ملکہ الزبتھ کی وفات پر برطانوی ہائی کمشن کا دورہ کیا، بلاول بھٹو زرداری نے تعزیتی کتاب میں تاثرات درج کیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے 33 ملین افراد متاثر ہوئے، 1400 افراد تباہ کن سیلابوں میں جاں بحق ہوئے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ گلوبل کاربن فٹ پرنٹ میں انتہائی کم حصہ کے باوجود پاکستان بھاری قیمت چکا رہا ہے۔