لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست پر تحریری حکم جاری کردیا۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کو 7 کروڑ روپے اور پاسپورٹ جمع کروانے کی شرط پر ضمانت دی تھی، مریم نواز نے ضمانت کے فیصلے میں پاسپورٹ جمع کروانے کی شرط ختم کرنے کی استدعا کی۔
عدالت نے کہا کہ امجد پرویز ایڈووکیٹ نے درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق سپریم کورٹ کا 2017 کا فیصلہ پیش کیا، مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست قابل سماعت ہے۔
لاہور ہائی کورٹ نے کہا کہ پاسپورٹ واپسی کی درخواست میں اٹھائے گئے نکات غور طلب ہیں، عدالت مخالف فریق کا مؤقف جاننے کے لیے نوٹس جاری کر رہی ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا کہ حکومتی لا افسروں نے مخالف فریقین کی جانب سے نوٹسز قبول کیے، درخواست پر مزید سماعت 27 ستمبر کو ہوگی۔