ازبکستان کے شہر سمر قند میں ہونے والے شنگھائی تعاون سربراہی اجلاس کے موقع پر چینی صدر شی جن پنگ کی روسی صدر ولادیمر پیوٹن سے سائیڈ لائن پر ملاقات ہوئی۔
خبر ایجنسی کے مطابق روسی صدر پیوٹن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ملاقات روس چین شراکت داری کو مزید گہرا کرے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تائیوان سے متعلق امریکی اشتعال انگیزیوں کی مذمت کرتے ہیں، یوکرین کے معاملے میں چین کی متوازن پوزیشن کی قدر کرتے ہیں۔
روسی صدر کے مطابق ہم چین کی ون چائنا پالیسی کی حمایت کرتے ہیں، ہمیں شنگھائی تعاون تنظیم کو مضبوط کرنا ہوگا۔
خبر ایجنسی کے مطابق روس اور چین کے صدور کے درمیان آج ہونے والی یہ ملاقات یوکرین جنگ کے شروع ہونے کے بعد یہ پہلی بالمشافہ ملاقات ہے۔