سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر اور لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز عاقب جاوید نے شاہین آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے آرام دینے کا مشورہ دے دیا ہے۔
لاہور میں ہونے والی ایک تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ انجریز دو طرح کی ہوتی ہیں، ایک تو آپ تھکاوٹ کا شکار ہونے کی وجہ سے انجری کا شکار ہو جاتے ہیں یا پھر آپ کو کھیل کے دوران چوٹ لگ جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی ڈائیو مارنے کے دوران انجری کا شکار ہوئے ہیں، تمام مراحل مکمل کرنے کے بعد اب وہ ری ہیب کی طرف جا چکے ہیں۔
سابق کرکٹر کا کہنا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی جیسے بولرز دنیا میں بہت کم پیدا ہوتے ہیں، وہ ہمارے لیے ایک اثاثہ ہیں، میرا مشورہ یہی ہے کہ شاہین شاہ ورلڈ کپ نہ کھیلیں کیونکہ میرے نزدیک ورلڈ کپ سے زیادہ ویلیو ان کی ہے۔
عاقب جاوید نے کہا کہ ہمیں مختلف انداز میں کرکٹ کھیلتے رہنا چاہیے، اگر ہم ایک ہی انداز سے کرکٹ کھیلتے رہیں گے تو پھر ہمارے خلاف حریف ٹیمیں آسانی سے پلان کر لیں گی۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہمارے اوپنرز کا جو انداز ہے وہ 150 سے 160 رنز سے زیادہ کا حصول مشکل میں ڈالتا ہے، ایشیا کپ کے فائنل میں سب نے دیکھا کہ کیا ہوا، ہمیں اپنی اپروچ کو تبدیل کرنا پڑے گا، اگر آپ ایک ہی انداز میں کھیلتے رہیں گے تو مخالف آپ کو ٹریپ کرنا شروع کر دیں گے۔