پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکمران ٹولا باہر لے جایا گیا آدھا پیسا بھی واپس لے آئے تو پاکستان کو دنیا سے پیسا نہ مانگنا پڑے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے چکوال جلسے میں حکومتی اتحاد پر کڑی تنقید کی۔
وزیر اعظم پر طنز کرتے ہوئے بولے صدر پیوٹن کے سامنے شہباز شریف کی کانپیں ٹانگ رہی تھیں، شہباز شریف نے یو این سیکرٹری جنرل سے جو باتیں کیں وہ کسی وزیر اعظم کو زیب نہیں دیتیں۔
چکوال میں اپنے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ سیکریٹری جنرل یو این کو علم ہے اس کابینہ کے 60 فیصد وزیر ضمانت پر ہیں، سیکریٹری جنرل کس منہ سےتمہیں پیسا دے گا اسے علم ہے ان پر کرپشن کے کیسز ہیں، سیکریٹری جنرل کو سب پتا ہے اس لیے وہ آج تمہیں پیسا نہیں دے رہا۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی بےحسی دیکھیں ان حالات میں وہ باہر دورے کر رہے ہیں، کون سا معرکہ مارنا ہے باہر جب ملک میں اتنا بڑا سیلاب آیا ہوا ہے، پیپلز پارٹی چیئرمین دیسی ولایتی بلاول بھٹو بھی منہ اٹھا کر باہر چلا گیا، ان کو اس لیے مسلط کیا گیا کہ یہ ان کا حکم مانے گا۔
عمران خان نے کہا کہ کسی وزیر اعظم کو یہ باتیں نہیں کرتے دیکھا جو شہباز شریف نے سیکریٹری جنرل سےکیں، انہوں نے کہا تھا کہ مہنگائی کم کریں گے آج عوام پر کیا گزر رہی ہے؟
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ میں نے قوم کو ان چوروں کے خلاف کال دینی ہے، یہ سمجھے تھے کہ میں چپ کرکے بیٹھ جاؤں گا، ان کو پتا ہونا چاہیے تھا کہ میں اپنے پیروں پر کھڑا ہو کر اس مقام پر پہنچا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ یہ سمجھتے ہیں ان کی دھمکیوں سے ڈر کر ہم انہیں قبول کر لیں گے، اگر آپ کا خیال ہے میں ان حربوں سے پیچھے ہٹ جاؤں گا، میں اتنی ہی زور سے مقابلہ کروں گا، میں سیاست نہیں حقیقی آزادی اور جہاد کی بات کر رہا ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ وپڈا نے سیہون تک نہر مکمل کی لیکن سندھ حکومت نے اس نہر پر کام نہیں کیا، سندھ میں پیپلز پارٹی کے ڈاکو پیسا چوری کرکے دبئی لے گئے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ یہ باہر لےجایا گیا پیسا آدھا بھی واپس لائیں تو پاکستان کو پیسا نہ مانگنا پڑے۔