مشیر اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ عمران خان ڈنکے کی چوٹ پر بات کرتے ہیں، وہ اندھیرے میں جدہ یا لندن نہیں بھاگتے۔
لاہور سے جاری بیان میں عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ میموگیٹ، ڈان لیکس اور سپریم کورٹ پر حملہ کرنے والے آج اسلام آباد میں چھپے بیٹھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم قائدین کی گفتگو سے عمران خان نکال دیں تو صرف ان کے مایوس چہرے رہ جاتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہ پہلے گمنام نمبروں سے کالز کرتے اور پھر خود اداروں پر حملے کا شور مچاتے ہیں، عمران خان کا بیان ایسے ہی گمنام سازشی کرداروں سے متعلق تھا جو چھپ کر وار کرتے ہیں۔
عمر سرفراز چیمہ نے یہ بھی کہا کہ ن لیگ نے دباؤ ڈال کر عدالت سے غیر آئینی فیصلہ حاصل کیا اور حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ ایک غیر آئینی عدالتی فیصلے کے ذریعے حمزہ کے حلف کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کو استعمال کیا گیا، لاہور ہائیکورٹ کے لارجر بنچ کے فیصلے سے پنجاب میں ایک غیر آئینی حکومت کا اختتام ہوا۔