• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایف آئی اے کی کارروائیاں، کراچی اور چمن سے 4 غیر قانونی منی چینجرز گرفتار

چمن سے ایف آئی اے کے ہاتھوں گرفتار ملزمان اور ان سے برآمد ہونے والی رقم
چمن سے ایف آئی اے کے ہاتھوں گرفتار ملزمان اور ان سے برآمد ہونے والی رقم

ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے محسن حسن بٹ کے احکامات کی روشنی میں ہنڈی حوالہ اور غیر قانونی منی چینجرز کے خلاف ملک بھر میں کریک ڈاؤن جاری ہے۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے چھاپہ مار کارروائی میں گرومندر کراچی سے ملزم عتیق محنتی کو گرفتار کر لیا۔

ملزم اپنی رہائش گاہ سے ہنڈی حوالہ اور منی ایکسچینج کا غیر قانونی کاروبار چلانے میں ملوث تھا۔

کراچی سے گرفتار کیا گیا ملزم
کراچی سے گرفتار کیا گیا ملزم

ملزم نے حوالہ کے ذریعے آنے والی رقم کی وصولی کے لیے رائیڈر کی خدمات حاصل کی ہوئی تھیں۔

ملزم کے قبضے سے 5100000 روپے، 2000 امریکی ڈالرز، 2 موبائل فونز اور لیپ ٹاپ برآمد کر لیے گئے۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم کے موبائل اور لیپ ٹاپ سے ہنڈی حوالہ سے متعلق فہرستیں بھی برآمد کر لی گئی ہیں۔

ملزم کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔

چمن میں 3 ملزمان گرفتار

دوسری جانب ایف آئی اے نے بلوچستان کے شہر چمن میں چھاپہ مار کارروائیوں میں 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار کیے گئے ملزمان میں عبدالحکیم، نیک محمد اور نظر گل شامل ہیں۔

ملزمان کے قبضے سے 1500000 روپے سے زائد مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی گئی ہے۔

گرفتار ملزمان ہنڈی حوالہ اور منی ایکسچینج کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث تھے۔

ملزمان کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور ان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

قومی خبریں سے مزید