اسلام آباد ایئرپورٹ پر صفائی کے ناقص انتظامات سامنے آنے کے بعد تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے 3 رکنی اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سی اے اے ایئر وائس مارشل جمال ارشد کو تحقیقاتی ٹیم کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر سیکیورٹی ایئر کموڈور شاہد قادر، ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشن نوید خان ٹیم کے رکن مقرر ہوئے ہیں۔
تحقیقاتی ٹیم اسلام آباد ایئرپورٹ پر صفائی کے ناقص انتظامات کی وجوہات پر تحقیقات کرے گی، ٹیم ایئرپورٹ پر صفائی اور مانیٹرنگ نظام میں خامیوں سے متعلق بھی تحقیقات کرے گی۔
تحقیقاتی ٹیم کو 48 گھنٹوں میں تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ جمع کروانے کا حکم دیا گیا، وزیر ہوابازی کی ہدایت پر ڈی جی سی اے اے نے تحقیقات کے لیے نوٹیفکیشن جاری کیا۔