• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے رمضان کیلئے جامع پلان جاری کر دیا

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے رمضان المبارک میں شہریوں کو ٹریفک کی تمام سہولیات بہم پہنچانے کیلئے جامع اور منظم ٹریفک پلان جاری کر دیا۔ ٹریفک روانی کو برقرار رکھنے کیلئے رش والے مقامات، اہم شاہرائوں، مارکیٹوں، شاپنگ مالز اور اہم چوراہوں میں وارڈنز کی اضافی نفری تعینات اور ہیلپ لائنز 1915اور9272616 پر خصوصی سکواڈ تشکیل دیدیا گیا ہے۔ ڈبل پارکنگ پر مکمل پابندی عائد ہو گی جبکہ مساجد، امام بارگاہوں اور مذہبی مقامات کے نزدیک پارکنگ پر بھی سختی سے پابندی لگا دی گئی ہے۔ رمضان سستے بازاروں میں بھی وارڈنز کی سپیشل ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں۔ مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والی پبلک سروس گاڑیوں کیخلاف بھی سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وارڈنز‘ سیکٹر اور سرکل انچارجز کیلئے چیک اینڈ بیلنس کا نظام سخت کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ قائم مقام چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی افتخار الحق نے بتایا کہ مشکوک‘ کالے شیشے اور بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ اُنہوں نے کہا کہ اہم اسلامی ایام اور تہواروں پر خصوصی انتظامات کے تحت اضافی ڈیوٹیاں لگائی جا رہی ہیں۔ 
تازہ ترین