چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا ہے کہ فوجداری نظام انصاف میں اسٹیک ہولڈرز باہمی روابط اور استعداد کار بہتر بنائیں، ریاستی اداروں اور عوام کو مل کر بڑھتی آبادی پر قابو پانا ہوگا، کائنات کا نظام توازن پر قائم ہے۔
جوڈیشل کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ فریقین ہوں یا ادارے سب کے درمیان توازن ضروری ہے، عدلیہ ملک کو سب کے لیے یکساں بنانے کی کوشش کر رہی ہے، عوام اور اداروں کی جانب سے آئین کے احترام سے ہی ملک آگے بڑھ سکتا ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ انٹرنیشنل جوڈیشل کانفرنس سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا، انصاف کے نظام کو درپیش چیلنجز اور حل پر بات کی گئی، کانفرنس عدلیہ کو مستقبل کا فریم ورک دینے میں کامیاب رہی، کانفرنس کے پانچ موضوعات میں سے کچھ آئیڈیاز سامنے آئے۔
عمر عطا بندیال نے کہا کہ تنازعات کے حل کے لیے متبادل نظام کا قیام کرنا ضروری ہے، تنازعات کے حل کے متبادل نظام کے مکمل نفاذ میں 5 سے 15 سال لگیں گے، عدالت نے ویڈیو لنک کے ذریعے ٹیکنالوجی کی جانب قدم بڑھائے، ویڈیو لنک پر قدم بڑھانے پر معلوم ہوا دنیا بہت آگے ہے، دنیا ویڈیو لنک کے ذریعے مقدمات کی شنوائی سے بہت آگے نکل چکی ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ سات ماہ میں 33 سو سے زائد مقدمات کی سماعت ویڈیو لنک سے کی، نیشنل جوڈیشل کمیٹی نے قومی تنازعات کمیٹی کا قیام کیا ہے، قومی تنازعات کمیٹی سے تنازعات کے حل کا ڈیش بورڈ عمل میں آئے گا، پولیس اور پراسیکیوشن کو فراہمی انصاف کے لیے مزید تربیت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آبادی میں اضافہ، موسمیاتی تبدیلی سمیت مسائل کا حل ضروری ہے، جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے اسلام کی روح سے مسائل کے حل کی طرف توجہ مبذول کروائی، جسٹس فائز نے ٹھیک کہا ہمیں ہماری بھولی ہوئی روایتوں کو یاد کرنے کی ضرورت ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ ترقی یافتہ پاکستان کے لیے قانون کی حکمرانی ہی حل ہے، ہر شخص کی عدالتوں تک رسائی برابری کی بنیاد پر ہونا ضروری ہے، پولیس اور پراسیکیوشن کو آپس میں تعاون بہتر کرنے کی ضرورت ہے، عدلیہ اور بار کو جدید قانونی علم اور ٹیکنالوجی سے خود کو متعارف کروانا ضروری ہے۔
جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ خواتین کو ایگزیکٹو، مقننہ اور عدلیہ کی فیصلہ سازی میں شامل کرنا ضروری ہے، خواتین پر تشدد کے واقعات کی فوری طور پر روک تھام کرنا ہو گی۔