نواب شاہ (نامہ نگار، محمد انور شیخ) سابق صدر اور نواب شاہ سے رکن قومی اسمبلی آصف علی زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے نوابشاہ میں سیلاب متاثرین کیلئے قائم ٹینٹ سٹی کا دورہ کیا اور وہاں موجود متاثرین سے ملاقات کی۔ تفصیلات کے مطابق آصفہ بھٹو زرداری نے شہید بے نظیر بھٹو ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز یونیورسٹی میں قائم ٹینٹ سٹی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وہ متاثرین میں گھل مل گئیں اور وہاں موجود خواتین اور بچوں سے بات چیت کی۔ آصفہ بھٹو زرداری نے خواتین سے انکے مسائل معلوم کئے اور انہیں فوری طور پر حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر انہوں نے خواتین اور بچوں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں جبکہ آصفہ بھٹو زرداری کے دورے کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے اور مقامی صحافیوں کو ان سے دور رکھا گیا اور کوریج کی اجازت نہیں دی گئی۔