• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نایاب گلابی ہیرا نومبر میں نیلامی کیلئے پیش ہو گا

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

ایشیاء میں خوش قسمتی کی علامت سمجھا جانے والا دنیا کا خوبصورت ترین اور نایاب گلابی ہیرا رواں برس نیلامی کے لیے پیش کیا جائے گا، جو توقعات کے مطابق 35 ملین ڈالرز میں فروخت ہوسکے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دنیا بھر کے نایاب زیورات، ماسٹر پیس اور دیگر قدیم اور قیمتی اشیاء کی نیلامی کرنے والے ادارے کرسٹیز آکشن ہاؤس نے نایاب گلابی ہیرے کی نیلامی کا اعلان کیا ہے ۔

کرسٹیز آکشن کے مطابق 18 قیراط سے زیادہ وزن کا حامل ناشپاتی کی شکل کا یہ ہیرا دنیا کا سب سے بڑا گلابی ہیرا ہے جو 8 نومبر کو جنیوا میں نیلامی کے ذریعے فروخت کیا جائے گا۔

کرسٹیز آکشن کا کہنا ہے کہ یہ ہیرا ایشیاء میں خوش قسمتی کی علامت سمجھا جاتا ہے، اس لیے انہیں پوری اُمید ہے کہ یہ ہیرا دنیا بھر کے شوقین افراد کی توجہ اپنی جانب مرکوز کروائے گا جس کی نیلامی سوئٹزر لینڈ کے شہر جنیوا میں ہو گی۔

کرسٹیز آکشن ہاؤس میں زیورات کی ماہر انجیلا برڈن کا کہنا ہے کہ یہ ایک خوبصورت پتھر ہے اور اس سائز کا گلابی رنگ کا ہیرا ملنا نہایت مشکل ہے۔

واضح رہے کہ ہلکے گلابی رنگ کا یہ چمچماتا ہوا ہیرا ایک انگوٹھی پر نصب کیا گیا ہے جو 2 طرف سے بڑے سفید ہیرے سے جڑا ہوا ہے، اس نایاب ہیرے کا وزن 18 اعشاریہ 18 قیراط ہے۔

اس سے قبل 2018ء میں کرسٹیز نے 18.96 قیراط کا ’ونسٹن پنک لیگیسی‘ نام کا ہیرا 50 ملین ڈالرز میں فروخت کیا گیا تھا۔

اب امید کی جا رہی ہے کہ یہ نایاب گلابی ہیرا 35 ملین  ڈالرز میں فروخت ہو جائے گا۔

دلچسپ و عجیب سے مزید