پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما منظوروسان نے بتایا ہے کہ سابق صدر، شریک چیئرمین پی پی پی آصف علی زرداری کی طبیعت اب بہتر ہے۔
پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما منظور وسان نے ایک بیان کے ذریعے ناصرف سابق صدر آصف زرداری کی طبیعت کے حوالے سے تبصرہ کیا ہے بلکہ نئی پیشگوئیاں بھی کی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ رواں اکتوبر اور نومبر بڑے خطرناک ہیں، ملک میں نئے الیکشن 2023ء میں ہی ہوں گے، یہ بھی ہو سکتا ہے کہ الیکشن ایک سال کے لیے آگے بڑھ جائیں۔
منظور وسان کا کہنا ہے کہ اب پرانے چہرے ریسٹ کریں گے اور نئے چہرے جیلوں میں جائیں گے، کچھ خیر پور جیل میں بھی آئیں گے، ان کی خدمت میں کروں گا۔
پی پی رہنما نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں اب بہت سارے راز بھی فاش ہوں گے، حکومت بھی متحرک ہو گی اور اسٹیبلشمنٹ بھی متحرک ہو گی۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ الیکشن ہوں تو فیئر اینڈ فری ہوں اور حکومت کی مدت بھی پوری ہو۔
منظور وسان نے یہ بھی کہا ہے کہ پہلے ہی کہا تھا کہ بہت سی آڈیوز اور ویڈیوز لیکس ہوں گی جو سب دیکھ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے 27 ستمبر کو سابق صدر آصف علی زرداری کی طبیعت خراب ہو گئی تھی جس کے بعد انہیں کلفٹن کراچی کے نجی اسپتال میں داخل کرا دیا گیا تھا۔
اس حوالے سے سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو کی جانب سے والد کی ناساز طبیعت سے متعلق ٹوئٹ کیا گیا تھا۔
بختاور بھٹو نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا تھا کہ آصف زرداری کو کورونا وائرس کی چند علامات کا سامنا ہے، ان کے پھیپھڑوں کے قریب دوبارہ پانی جمع ہوگیا ہے۔
انہوں نے مزید لکھا تھا کہ اپنی بیماری کی وجہ سے آصف زرداری سیلاب کے لیے کیے جانے والے امدادی کاموں کے دوران نظر نہیں آ رہے، مگر ان کے بچے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پہنچ رہے ہیں۔
بختاور بھٹو زرداری نے اپنے ٹوئٹ میں سب کے پیغامات اور دعاؤں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری ایک ماہ سے زائد عرصے سے علیل ہیں۔