مسلم لیگ ن کے رہنما، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان نے بہت ساری ریڈ لائنز کراس کر لی ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آئین توڑا، ریاستی اداروں پر حملے کیے، سائفر کے ساتھ انہوں نے جو کھیل کھیلا اس کی مثال نہیں ملتی۔
احسن اقبال کا کہنا ہے کہ امید کرتے ہیں کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ڈسکہ کے الیکشن میں دھاندلی پر کارروائی کرے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ جب قانون حرکت میں آئے گا تو پھر عمران خان جتنا مرضی بڑا جلسہ کریں گرفت میں آئیں گے، وہ خود کہتے ہیں کہ سب کے لیے ایک قانون ہونا چاہیے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان کا مواخذہ قریب آ رہا ہے تو اب انہوں نے جلسے جلوس شروع کر دیے، پاکستان کے کلیدی مفادات سے ایسا گھناؤنا کھیل کھیلنے کی مثال نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کا جو نقصان کیا وہ ناقابلِ تلافی ہے، جس کی ہم تحقیقات کریں گے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ عمران خان نے سپریم کورٹ کو جوڈیشل کمیشن کے لیے خط لکھا تھا، سپریم کورٹ نے واضح لکھا ہے کہ عمران خان حکومت سازش کا ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہی۔
احسن اقبال کا یہ بھی کہنا ہے کہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی، وزارتِ خارجہ اور انٹیلیجنس ایجنسیاں کہہ رہی ہیں کہ عمران خان کے خلاف کوئی سازش نہیں ہوئی۔