وفاقی حکومت نے پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گِل کی ضمانت منسوخی کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
ریاست کی جانب سے درخواست اسلام آباد سٹی مجسٹریٹ نے دائر کی ہے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا، شہباز گِل پر ریاست سے غداری کا الزام ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے شہباز گِل نے بغاوت پر اکسانے کی کوشش کی، سپریم کورٹ شہباز گِل کی ضمانت کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے بغاوت کے مقدمے میںپی ٹی آئی رہنما شہباز گِل کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللّٰہ نے بغاوت پر اکسانے کے کیس کی سماعت کرتے ہوئے شہباز گِل کی ضمانت 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی تھی۔