مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے عورتوں کو خصوصی عزت دینے سے متعلق بیان پر ردِ عمل دیا ہے۔
عمران خان نے گزشتہ شب نجی ٹی وی چینل کو خصوصی انٹرویو دیا، اس دوران سابق وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم عورتوں کو خصوصی عزت دیتے ہیں، اگر مریم نواز آج عورت نہ ہوتی تو جیل میں ہوتی۔
عمران خان کے اس بیان پر مریم نواز کی جانب سے سوشل میڈیا پر ردِ عمل دیا گیا ہے۔
مریم نواز نے اپنے ٹوئٹ میں عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے لکھا ہے کہ جب تم نے مجھے سزائے موت کی چکیوں میں رکھا، تب بھی میں عورت ہی تھی، اب تمہارے ظلم اور جھوٹ کے پول کھل رہے ہیں اور تمہارا انتقام سرِ بازار رسوا ہو رہا ہے تو تم عورت عورت کیا کر رہے ہو منافق آدمی؟ اس ملک میں اگر قانون نام کی کوئی چیز ہے تو اس کے ہاتھ تمہارے گریبان سے اب دور نہیں۔
دوسری جانب عمران خان کے اس بیان پر مسلم لیگ ن کی جانب سے بھی ردِ عمل دیا گیا ہے۔
پی ایم ایل این کے تصدیق شدہ پیج پر جاری کیے گئے ایک ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ وہ شخص جس نے ایک بیمار باپ کی بیٹی کو اس کے سامنے صرف اس لیے گرفتار کر لیا کہ وہ ایک سیاسی مخالف تھی، وہ خواتین کی ’خاص عزت‘ کی بات کرنے کی جراّت کیسے کر سکتا ہے۔