وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ موڈیز نے تھوڑی سی پروفیشنلی زیادتی کی ہے، ہماری ٹیم نے موڈیز سے بات کی تھی، کل میں نے موڈیز سے بات کی۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ میں نے موڈیز سے کہا کہ آپ چند دن صبر کر لیتے، موڈیز نے کہا کہ ہم بیک گراؤنڈ میں چار ماہ سے کام کر رہے تھے، پیرس کلب جاتا دیکھ کر بھی ایجنسیز ریٹنگ گرا دیتی ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پیرس کلب جانا میری آخری ترجیح ہوگی، پیرس کلب جائیں تو کاروبار کرنے والے جھجھکتے ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ موڈیز نے خدشہ ظاہر کیا کہ خدانخواستہ ہم دیوالیہ ہوجائیں گے، بھرپور کوشش ہوگی کہ آئی ایم ایف سے کیے گئے وعدے پورے کریں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی پر آئی ایم ایف کو مطمئن کرنے کا جواب ہے، مجھے امید ہے ڈالر ہفتوں میں نہیں دنوں میں 200 روپے سے نیچے آئے گا۔