چتور گڑھ (اے پی پی، جنگ نیوز)مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والی 21سالہ طالبہ کو بھارتی ریاست راجستھان میں یونیورسٹی کے ہوسٹل میں پھانسی پر لٹکا ہوا پایاگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں جبکہ واقعہ خودکشی ہوسکتی ہے۔ ایک سرکاری عہدیدار نے صحافیوں کو بتایا کہ بانڈی پورہ کے علاقے نائدکھائی سے تعلق رکھنے والی طالبہ جو راجستھان کی میواڑ یونیورسٹی کے شعبہ ریڈیولوجی میں زیر تعلیم تھی، ہفتے کے روز اپنے ہوسٹل میں پنکھے سے لٹکی ہوئی پائی گئی۔انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ ضلع چتور گڑھ کے گنگرار پولیس اسٹیشن کے دائرہ اختیار میں پیش آیا۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی مقبوضہ جموں وکشمیرسے تعلق رکھنے والی ایک 22سالہ نرسنگ کی طالبہ بھارتی ریاست پنجاب کے ایک نرسنگ کالج میں اپنے ہوسٹل کے کمرے میں لٹکی ہوئی پائی گئی تھی۔