کراچی (نیوز ڈیسک) غزہ پر اسرائیلی بمباری کے دوران خواتین اور بچوں سمیت مزید 29فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے،لبنان پر اسرائیلی حملوں میں دو افراد شہید ہوگئے جبکہ حوثیوں کا کہنا ہے کہ امریکی طیاروں نے صنعاء سمیت یمن میں اس کے زیر انتظام مختلف علاقوں پر بمباری کی ہے ۔غزہ اور مقبوضہ بیت المقدس میں مسیحیوں نے مسلسل دوسرے سال ایسٹر کا تہوار بمباری اور پابندیوں کے سائے میں منایا ۔ غزہ میں تقریبات منسوخ کی گئیں جہاں بمباری کیساتھ ساتھ قحط کا سامنا ہے ۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے ایسٹر کے موقع پر مقبوضہ بیت المقدس بالخصوص اولڈ سٹی ایریا میں مسیحیوں پر پابندیوں کا سامنا، اولڈ سٹی کے علاقوں میں مسیحیوں کو عبادت اور دعائیہ تقاریب میں شرکت سے روک دیا گیا ،اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مشرقی بیت المقدس میں ہولی سیپلکر کے چرچ میں عبادت گزاروں کو گھیر ے میں لے لیا اور ایسٹر منانے کی کوشش کرنے والے مسیحیوں کو زدو کوب کیا گیا ۔ دوسری جانب لبنان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ جنوبی لبنان میں دو علیحدہ اسرائیلی حملوں میں دو افراد شہید ہو گئے ہیں۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان میں ایک حملے میں حزب اللہ کے کمانڈر حسین علی نصر کو نشانہ بنایا ہے، لیکن حزب اللہ نے ابھی تک اپنے کسی رکن کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی ہے۔پوپ فرانسس نے سینٹ پیٹرز اسکوائر میں ایسٹر کے موقع پر مختصر خطاب کے دوران غزہ میں جنگ بندی کے لئے اپنے مطالبے کو دہرایا۔