وزیر پارلیمانی امور پنجاب راجا بشارت نے اپنے متعلق آنے والی آڈیو لیک پر صحافی کے سوال کا جواب دے دیا۔
پنجاب اسمبلی لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو راجا بشارت سے صحافی نے استفسار کیا کہ آپ کی بھی آڈیو لیک آئی ہے، وہ صحیح ہے یا غلط ہے؟
صوبائی وزیر نے جواب دیا کہ آڈیو لیکس میاں نواز شریف، شہباز شریف اور عمران خان کے خلاف بھی آئیں، اب چوہدری پرویز الہٰی اور میرے خلاف بھی آڈیو لیکس آئی ہیں، اس سے کچھ نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ 10 سے 15 سال پرانے واقعے کو فبریکیٹ کرکے لانے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، میں اس کی مذمت کرتا ہوں، یہ سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔
وزیر پارلیمانی امور پنجاب نے مزید کہا کہ آڈیو لیکس سے کسی کا بھی کوئی فائدہ یا نقصان نہیں ہوتا۔
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اور نواز شریف کا موقف ایک ہی ہے، یہ عوام کو تاثر دیتے ہیں کہ آپس میں اختلافات ہیں۔
راجا بشارت نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف کو اب یاد آیا ہے کہ انہوں نے ایبسلوٹلی ناٹ کہا تھا جبکہ پی ٹی آئی کا ایبسلوٹلی ناٹ کا بیانیہ کافی عرصہ سے چل رہا ہے۔