صوبائی وزیر سعید غنی نے کراچی سے متعلق دیے گئے اپنے بیان پر شہریوں سے معذرت کرلی۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر میرے بیان سے یہ تاثر گیا ہے کہ میں کراچی کے حالات کی ذمہ داری شہریوں پر ڈال رہا ہوں تو میں اُس پر معذرت کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میرا یہ مقصد نہیں تھا، میں نے عمومی طور پر پورے کراچی کی نہیں بلکہ کچھ افراد کی بات کی تھی۔
صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ چند عناصر ہیں جو جان بوجھ کر ایسے کام کرتے ہیں، کسی دوسرے شہر میں ایسا نہیں ہوتا۔
دوسری جانب جماعت اسلامی کے رہنما حافظ نعیم الرحمان سعید غنی پر برس پڑے، انہوں نے کہا کہ جہانگیر روڈ ایک ہفتے میں ختم ہوگیا، کیا اس کا ذمہ دار بھی کراچی ہے؟
انہوں نے کہا کہ کیا شہر میں بے امنی کے ذمہ دار شہری ہیں؟ کے فور منصوبے میں تاخیر کے ذمہ دار بھی شہری ہیں؟ کیا انڈسٹریل ایریا کو تباہ کرنے میں کراچی والوں کا کیا قصور ہے۔