• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضمنی انتخابات: 8 قومی اور 3 صوبائی حلقوں میں پولنگ کا وقت ختم


سندھ، پنجاب اور خیبر پختون خوا کے قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہوچکا ہے۔

صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ کسی وقفے کے بغیر شام 5 بجے تک جاری رہی۔

ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی، ثمر بلور کی ویڈیو وائرل

پشاور میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی رہنما ثمر بلور نے الیکشن کمیشن کے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ووٹ ڈالنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کر دی۔

ثمر بلور کا کہنا ہے کہ میری ویڈیو ورکر نے بنائی اور میں نے سوشل میڈیا پر شیئر کی۔

ان کا کہنا ہے کہ پتہ نہیں تھا کہ ویڈیو شیئر کرنا الیکشن کمیشن کے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔

ثمر بلور نے یہ بھی کہا ہے کہ الیکشن رولز کا پتہ چلا تو ویڈیو ڈیلیٹ کر دی۔

ویڈیو وائرل ہونے کا الیکشن کمیشن نےنوٹس لے لیا

دوسری جانب رہنما اے این پی ثمر بلور کی ووٹ ڈالنے کی ویڈیو وائرل ہونے کا الیکشن کمیشن نےنوٹس لے لیا۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اور ریٹرننگ آفیسر سے اس معاملے پر رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ووٹ ڈالنے کی ویڈیو وائرل کرنا الیکشن کے قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔

کراچی: 2 سیاسی جماعتوں میں جھگڑا، PTI رہنما زخمی

کراچی میں ضمنی الیکشن کے موقع پر 2 سیاسی جماعتوں کے کارکنان میں جھگڑا ہوا ہے۔

ایس ایس پی ملیر کے مطابق پی ٹی آئی کے بلال غفار کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ کس کی جانب سے کیا گیا یہ کہنا قبل از وقت ہے، تفتیش جاری ہے، ملزمان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ بلال غفار کے معاملے پر تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، ذمے داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

تحریکِ انصاف سندھ کے صدر علی زیدی نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی پی رہنما سلیم بلوچ کی جانب سے حملہ کیا گیا ہے، ہم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے۔

کن شہروں میں آج الیکشن ہے؟

کراچی، ملتان، فیصل آباد، ننکانہ، پشاور، مردان اور چارسدہ سے قومی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی الیکشن ہو رہا ہے۔

پنجاب اسمبلی کی نشستوں پی پی 139 شیخو پورہ، پی پی 209 خانیوال اور پی پی241 بہاولنگر میں ضمنی انتخابات میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔

تمام حلقوں میں سیکیورٹی کے لیے پولیس، رینجرز اور پاک فوج کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

نوجوان ووٹر کا پریزائیڈنگ آفیسر پر الزام

پولنگ اسٹیشن نمبر 149 پر ایک نوجوان نے پریزائیڈنگ آفیسر پر من پسند امیدوار کو ووٹ ڈلوانےکا الزام عائد کر دیا۔

نوجوان ووٹر کا کہنا ہے کہ میں نے خود دیکھا ہے پریزائیڈنگ آفیسر من پسند امیدوار کو ووٹ ڈلوا رہا تھا۔

نوجوان ووٹر کی شکایت کے بعد پولنگ اسٹیشن پر تعینات پولیس اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے۔

NA-239 کراچی میں پہلا ووٹ کاسٹ

کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 239 پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ اسٹیشن نمبر 113 میں پہلا ووٹ صبح 9 بجے کے قریب کاسٹ کیا گیا۔

اسی حلقے کے پولنگ اسٹیشن نمبر 190 میں پولنگ کا عملہ موجود ہے، تاہم کوئی پولنگ ایجنٹ موجود نہیں جبکہ تاحال کوئی ووٹر ووٹ کاسٹ کرنے بھی نہیں آیا۔

پولنگ کے دوران وزراء کے دوروں پر پابندی

الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے کہا ہے کہ کراچی میں قومی اسمبلی کے دونوں حلقوں میں پولنگ کا عمل پُرامن انداز سے جاری ہے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ تمام وزراء پر حلقوں کا دورہ کرنے پر مکمل پابندی ہے۔

شہباز شریف اور عمران خان کا پیغام

وزیراعظم نے کیا کہا؟

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پولنگ میں عوام بھرپور حصہ لیں، یہ آئینی و قانونی عمل ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ صرف عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ کسے منتخب کر سکتے ہیں۔

ہر فرد گھر سے نکلے: عمران خان

سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات کے لیے ہر فرد گھر سے نکلے اور اپنے ووٹ کا حق استعمال کرے۔

انہوں نے کہا کہ مجرموں کے ٹولے سے حقیقی آزادی کا یہ ایک ریفرنڈم ہے۔

NA-31 پشاور: لیڈی ہیلتھ ورکرز پولنگ عملے میں شامل

این اے 31 پشاور میں ضمنی انتخاب میں 100 سے زیادہ لیڈی ہیلتھ ورکرز بھی پولنگ کے عملے میں شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق اس حلقے میں 120 خواتین اہلکار سیکیورٹی خدمات انجام دے رہی ہیں۔

این اے 31 میں خواتین کے 120 سے زیادہ پولنگ اسٹیشنز ہیں، ایک پولنگ اسٹیشن کی سیکیورٹی کے لیے 2 خواتین اہلکار تعینات کی گئی ہیں۔

 ANP، PDM کا دھاندلی کا الزام

عوامی نیشنل پارٹی اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے لیڈی ہیلتھ ورکرز کی تعیناتی کو دھاندلی کی کوشش قرار دیا ہے۔

ثمر بلور، فائل فوٹو
ثمر بلور، فائل فوٹو

دوسری جانب عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی صوبائی ترجمان ثمر بلور نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو میں الزام عائد کیا ہے کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کی پولنگ اسٹیشنوں پر تعیناتی دھاندلی کی کوشش ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ حکومت کو چاہیے کہ جو طریقہ آئین اور قانون میں دیا گیا ہے وہ اپنائے۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے صوبائی ترجمان عبدالجلیل جان نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولنگ اسٹیشنوں پر لیڈی ہیلتھ ورکرز کی تعیناتی الیکشن جیتنے کی کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پولنگ اسٹیشنوں پر لیڈی ہیلتھ ورکرز کی تعیناتی کا نوٹس لے، خیبر پختون خوا حکومت الیکشن چوری کرنے کے لیے زور لگا رہی ہے۔

عبدالجلیل جان کا یہ بھی کہنا ہے کہ صوبائی حکومت نے وزراء اور ماتحت اداروں کو الیکشن جیتنے کا ٹاسک دیا ہے۔

کراچی: 2 قومی اسمبلی کے حلقوں میں پولنگ

کراچی میں قومی اسمبلی کے 2 حلقوں این اے237 ملیر اور این اے 239 کورنگی میں پولنگ جاری ہے۔

این اے237 میں انتخابی عمل کے لیے 194 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں جن میں سے 112 انتہائی حساس اور 82 حساس پولنگ اسٹیشن ہیں۔

این اے 237 ملیر کراچی میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 94 ہزار 699 ہے۔

یہ نشست پی ٹی آئی کے جمیل احمد خان کے استعفے کے بعد خالی ہوئی تھی۔

اس حلقے میں 11 امیدوار مدِمقابل ہیں جن میں سے پی ٹی آئی کے امیدوار عمران خان اور پیپلز پارٹی کے امیدوار عبدالحکیم بلوچ کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے۔

این اے 239 کورنگی میں 330 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 257 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس اور 73 حساس ہیں۔

اس حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 81 ہزار 888 ہے۔

یہ نشست پی ٹی آئی کے محمد اکرم چیمہ کے استعفے کے بعد خالی ہوئی تھی۔

اس حلقے میں 22 امیدوار ضمنی الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں جن میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور ایم کیو ایم کے نیر رضا نمایاں امیدوار ہیں۔

صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں جبکہ رینجرز اور آرمی بھی معاونت کے لیے موجود ہیں۔

عمران خان کا کراچی میں 31 امیدواروں سے مقابلہ

کراچی سے قومی اسمبلی کی 2 نشستوں این اے 237 اور این اے 239 پر ضمنی انتخاب کے لیے پی ٹی آئی کے امیدوار عمران خان ہیں۔

ان دونوں نشستوں سے مجموعی طور پر 33 امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

ملتان: این اے 157 پر پولنگ

این اے 157 ملتان کی نشست پر رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 62 ہزار 205 ہے اور یہاں سے 8 امیدوار ضمنی الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

ملتان کی نشست پر سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی مہر بانو قریشی پی ٹی آئی کی جبکہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی موسیٰ گیلانی پی ڈی ایم کے امیدوار ہیں جن میں سخت مقابلہ متوقع ہے۔

تحریکِ لبیک کے امیدوار طاہر احمد اور 5 دیگر آزاد امیدوار بھی اس نشست پر میدان میں اترے ہیں۔

این اے 157 ملتان کی نشست زین قریشی کے صوبائی اسمبلی کا حلف اٹھانے کے بعد خالی ہوئی تھی۔

فیصل آباد کے حلقے میں بھی پولنگ

این اے 108 فیصل آباد میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 5 ہزار 186 ہے، جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 71 ہزار 39 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 34 ہزار 147 ہے۔

اس نشست سے بھی سابق وزیرِ اعظم عمران خان انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر عابد شیر علی پی ڈی ایم کے امیدوار ہیں۔

این اے 108 فیصل آباد کی نشست پی ٹی آئی کے رہنما فرخ حبیب کے مستعفی ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔

NA-118 ننکانہ میں بھی عمران خان امیدوار

این اے 118 ننکانہ میں ووٹرز کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 50 ہزار 810 ہے جہاں مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 50 ہزار871 اور خواتین ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 99 ہزار 939 ہے۔

این اے 118 ننکانہ میں بھی پی ٹی آئی کے امیدوار عمران خان ہیں جبکہ پی ڈی ایم کی ڈاکٹر شذرہ منصب اور ٹی ایل پی کے افضال احمد رضوی بھی امیدوار ہیں۔

این اے 118 ننکانہ ضمنی الیکشن کے لیے 319 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔

پولنگ اسٹیشن نمبر 149 پر ہنگامہ آرائی

پولنگ اسٹیشن نمبر 149 پر ایک نوجوان نے پریزائیڈنگ آفیسر پر من پسند امیدوار کو ووٹ ڈلوانےکا الزام عائد کر دیا۔

نوجوان ووٹر کا کہنا ہے کہ میں نے خود دیکھا ہے پریزائیڈنگ آفیسر من پسند امیدوار کو ووٹ ڈلوا رہا تھا۔

نوجوان ووٹر کی شکایت کے بعد پولنگ اسٹیشن پر تعینات پولیس اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے۔

این اے 31 پشاور میں بھی پولنگ

این اے 31 پشاور میں ووٹرز کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 73 ہزار 180 ہے، یہاں 2 لاکھ 62 ہزار 289 مرد اور 2 لاکھ 10ہزار 891 خواتین ووٹرز ہیں، پولنگ کے لیے 265 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔

قومی اسمبلی کے اس حلقے میں بھی پی ٹی آئی کے امیدوار عمران خان ہیں جبکہ ان کا اے این پی کے غلام احمد بلور سے کانٹے کا مقابلہ ہے۔

این اے 31 پشاور کی نشست پی ٹی آئی کے شوکت علی کے استعفے کے بعد خالی ہوئی تھی۔

گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول وزیر باغ پولنگ اسٹیشن میں ذہنی معذور نے ووٹ ڈالا۔

ذہنی معذور ووٹر شیر علی کے ہمراہ قریبی رشتہ دار پولنگ اسٹیشن آیا تھا۔

پریزائیڈنگ آفیسر کے مطابق ذہنی معذور کے ووٹ پر کسی پولنگ ایجنٹ کو اعتراض نہیں تھا۔

NA-22 مردان میں پولنگ جاری

ضمنی انتخاب کے لیے این اے 22 مردان میں مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 54 ہزار 733 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 95 ہزار 914 ہے۔

اس حلقے سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان امیدوار ہیں جبکہ جے یو آئی کے مولانا قاسم اور جماعتِ اسلامی کے عبدالواسع بھی امیدوار ہیں۔

این اے 22 مردان کی یہ نشست پی ٹی آئی کے علی محمد خان کے استعفے کے بعد خالی ہوئی تھی۔

این اے 24 چارسدہ میں پولنگ کا عمل جاری

این اے 24 چارسدہ سے بھی سابق وزیرِ اعظم عمران خان ضمنی الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ اے این پی کے ایمل ولی خان اور جماعتِ اسلامی کے مجیب الرحمٰن بھی امیدوار ہیں۔

این اے 24 چارسدہ میں ووٹرز کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 26 ہزار 862 ہے، یہاں 384 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔

این اے 24 چارسدہ کی نشست پی ٹی آئی کے فضل محمد کے استعفے کے بعد خالی ہوئی تھی۔

پنجاب اسمبلی کی 3 نشستوں پر پولنگ

پنجاب اسمبلی کی نشستوں پی پی 139شیخو پورہ، پی پی 209 خانیوال اور پی پی241 بہاولنگر پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔

PP139 پر PTI اور PMLN میں سخت مقابلہ متوقع

پی پی 139 شیخوپورہ میں ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 27 ہزار 541 ہے اور یہاں 153پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔

صوبائی اسمبلی کی اس نشست پر مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری افتخار بھنگو ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے میاں ابوبکر شرقپوری اور ٹی ایل پی کے میاں رؤف احمد بھی امیدوار ہیں۔

یہ نشست ن لیگ کے جلیل شرقپوری کے منحرف ہونے پر خالی ہوئی تھی۔

ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 3 افراد گرفتار

پی پی 139 میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 3 افراد کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ڈی پی او کے مطابق ملزمان کو دوران ناکہ بندی گاڑی سے اسلحہ برآمد ہونے پر گرفتار کیا گیا۔

پی پی 209 پر پولنگ جاری

پی پی 209 خانیوال میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 58 ہزار 703 ہے، یہاں 176 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔

خانیوال کی نشست مسلم لیگ ن کے فیصل اکرم نیازی کے مستعفی ہونے سے خالی ہوئی تھی اور اب فیصل اکرم خان پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر ضمنی الیکشن لڑ رہے ہیں۔

پی پی 209 پر ن لیگ کے چوہدری ضیاءالرحمٰن اور ٹی ایل پی کے راؤ عارف علی امیدوار ہیں۔

PP-241 پر ن لیگ، PTI میں سخت مقابلہ

پی پی 241 بہاولنگر میں 2 لاکھ 37 ہزار 46 ووٹرز حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔

اس نشست پر 7 امیدوار مدِمقابل ہیں جن میں سے مسلم لیگ ن کے امان اللّٰہ باجوہ اور پی ٹی آئی کے ملک مظفر علی کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔

قومی خبریں سے مزید