این اے 31 پشاور میں ضمنی الیکشن کے لیے جاری پولنگ کے دوران عوامی نیشنل پارٹی اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان تلخ کلامی کا واقعہ پیش آیا ہے۔
پی ٹی آئی کے رکنِ صوبائی اسمبلی آصف خان کی میونسپل انٹر گرلز کالج آمد کے موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنوں نے ان کے خلاف نعرے لگائے۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کے ایم پی اے آصف خان اور اے این پی کے کارکنوں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد پولیس نے دونوں پارٹیوں کے حمایتوں کو پولنگ اسٹیشن سے باہر نکال دیا۔
پورے واقعے کے دوران پولنگ کا عمل وقتی طور پر تعطل کا شکار رہا جو پولیس کی مداخلت کے بعد دوبارہ شروع کرا دیا گیا۔
واضح رہے کہ سندھ، پنجاب اور خیبر پختون خوا کے قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے۔
صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ کسی وقفے کے بغیر شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔