• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے بلدیاتی انتخابات ملتوی ہونے پر حافظ نعیم کا ردعمل

فائل فوٹو
فائل فوٹو

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے الیکشن کمیشن کی جانب کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان ہمیشہ پیپلز پارٹی کی بی ٹیم رہی ہے۔

ایک بیان میں حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ کوئی بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے تیار نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کے معاملے کو ہر سطح پر اٹھائیں گے، فیصلے کو قبول نہیں کیا جا سکتا، الیکشن کمیشن ان کے ساتھ ہمیشہ مل جاتا ہے۔

 حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ چار بجے پریس کانفرنس میں لائحہ عمل کا اعلان کروں گا، الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کریں گے، فیصلے کے خلاف جو ہو سکا کریں گے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ یہ بلدیاتی انتخابات اس لیے نہیں کرا رہے کہ ان کو لوٹ مار کرنی ہے، سندھ حکومت کسی کو بھی اختیار نہیں دینا چاہتی، سندھ حکومت نے سب چیزیں اپنے کنٹرول میں رکھی ہیں، یہ لوگ ہمارے ٹیکسوں کے پیسے لوٹ کر کھا جاتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے بلدیاتی اداروں کو مکمل اختیارات بھی نہیں دیے، زرداری ڈاکٹرائن کے مطابق ان کو ایم کیو ایم کے ساتھ مل کر یہ ہی سب کچھ کرنا ہے۔

 حافظ نعیم الرحمٰن کا یہ بھی کہنا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختون خوا میں انتخابات نہیں ہوتے بلکہ عدالتوں کے ذریعے کروائے جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 23 اکتوبر کو کراچی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دیے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کراچی میں الیکشن کے فیصلے سے متعلق اجلاس 15 روز بعد دوبارہ ہو گا، جس میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کا فیصلہ کیا جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید