وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے کرپٹ افسران کی فہرست مرتب کرنے کی ہدایت دے دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس کا اعلامیہ سامنے آ گیا ہے۔
کابینہ اجلاس میں پاور ڈویژن نے بجلی چوری اور نقصانات کم کرنے کےلیے حکمت عملی پر بریفنگ دی۔
بریفنگ میں کابینہ کو ڈسکوز میں بجلی کی چوری، لائن لاسز، بلز اور ریکوری سے متعلق اعداد و شمار پیش کیے گئے۔
دوران اجلاس وزیراعظم نے کہا کہ کابینہ کے آئندہ اجلاس میں ڈسکوز میں خالی آسامیوں کی جامع رپورٹ پیش کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھرتی کے عمل کو شفاف اور بین الاقوامی سطح پررائج بیسٹ پریکٹسز کے ساتھ ہم آہنگ کریں۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کےلیے کرپٹ افسران کی فہرست مرتب کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اچھی شہرت کے حامل افسران کو اہم عہدوں پر لگایا جائے تاکہ کمپنیوں کی کارکردگی بہتر ہوسکے، خسارہ کم ہو اور عوام کو بہتر خدمات فراہم کی جاسکیں۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق لائن لاسز کم کرنے کےلیے ایڈوانس میٹرز کی تنصیب کا منصوبہ ملک کے دیگر حصوں تک توسیع دینےکی منظوری دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ نے ٹرانسفارمرز پر ایڈوانس میٹرز کی تنصیب کی منظوری دے دی جبکہ وزیراعظم نے 7 فیصد لائن لاسز کی اوسط کو غیر تسلی بخش قرار دیا۔
اس سے قبل وزیراعظم نے تمام کابینہ ممبران کو اجلاس میں خوش آمدید کہا اور اپنے قازقستان کے دورے کی تفصیلات بتائیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایس سی او، یو این جنرل اسمبلی، سیکا سربراہی اجلاس میں وسط ایشیائی ریاستوں کے سربراہان مملکت سے ملاقاتیں ہوئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان ملاقاتوں میں زرعی اجناس، گیس، ریل، روڈ، انفرااسٹرکچر، روابط اور توانائی راہداریوں پر گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم نے شرکاء کو بتایا کہ اسلام آباد میں پاکستان جلد وسط ایشیائی ریاستوں کا سربراہی اجلاس کرے گا۔