کراچی(اسٹاف رپورٹر)نوابشاہ میں بچے سے پاؤں دبوانے والے سرکاری اسکول ٹیچر کو معطل کردیا گیا ہے ، وزیر تعلیم سید سردار شاہ کا کہنا ہے کہ اسکول کے نظم و ضبط کی خلاف ورزی کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ نے گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول عبدالمالک راہو تعلقہ قاضی احمد ضلع نوابشاہ میں بچوں سے پاؤں دبوانے کے عمل کا نوٹس لے لیا۔ تعلقہ قاضی احمد کے اسکول کے استاد کا طلباء سے پاؤں دبوانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ صوبائی وزیر کے احکامات پر اسکول استاد اللہ ڈینو والد غلام قادر بلیدی کو معطل کردیا گیا۔وزیر تعلیم سید سردار شاہ کے مطابق اسکول کے نظم و ضبط کی خلاف ورزی کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے۔