پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما مولا بخش چانڈیو نے دعویٰ سے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں لانگ مارچ کرنے کا وزن ہی نہیں رہا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں گفتگو کے دوران مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ اگر ملک کا ماحول انتخاب کا ہو جائے تو پیپلز پارٹی مخالفت نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی لانگ مارچ کرنا ہی نہیں چاہتی ہے، ان میں اب وزن نہیں رہا، کراچی میں جن کی نشستیں ہیں وہ لے لیں گے، ماحول تبدیل ہوگیا ہے۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ عمران خان جھیل سے پرندے ڈھونڈ کر لائے ہیں، یہ مسافر ہیں، یہ جھیل کے پرندے ہیں، کبھی اس کنارے، کبھی اس کنارے، اب وہ اڑنے کی تیاری کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خان صاحب آپ سکڑتے جا رہے ہو، مزید سکڑو گے، یہ کہتے ہیں جلسے بڑے ہیں، جلسے تو ایم کیو ایم کے بھی بڑے تھے، عمران خان سندھ میں قائد ایم کیو ایم کا نعم البدل بننا چاہتے ہیں۔