وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ متاثرینِ سیلاب کی مدد میں کوئی سیاست نہیں کی جا رہی ہے، بلا امتیاز مدد کر رہے ہیں، ہمیں سیاست سے پرہیز کرنا چاہیے۔
این ایف آر سی سی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بتایا کہ این ڈی ایم اے نے متاثرین میں رقوم تقسیم کی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سیلاب میں 1700 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے ہیں، زخمیوں کی بھی مالی امداد کی جا رہی ہے، متاثرینِ سیلاب میں 66 ارب روپے تقسیم ہو چکے ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے فی کس دیے جا رہے ہیں، یہ رقم تمام متاثرہ خاندانوں تک پہنچائی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بیرونِ ملک سے آنے والی امداد این ڈی ایم اے کے ذریعے تقسیم کی گئی، 70 ارب روپے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت تقسیم ہونے ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ متاثرینِ سیلاب کو ضرورت کی تمام اشیاء فراہم کی گئیں، ان میں شفاف انداز سے رقوم اور امداد تقسیم کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ سیلاب کے بعد خدشہ ہے کہ گندم کی پیداوار طلب سے کم ہو سکتی ہے، گندم کی طلب کو پورا کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ این ڈی ایم اے اچھی کوالٹی کا بیج پروکیور کر رہا ہے، آئندہ فصل کے لیے کسانوں کو اعلیٰ معیار کا بیج دیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا اور پنجاب نے ہماری درخواست کے باوجود کہا کہ ہمیں بیج نہیں چاہیے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ ابھی بھی متاثرہ علاقوں میں سیلاب کا پانی کھڑا ہے، جس سے بیماریاں پھیل رہی ہیں۔